بنگلورو،16جون(ایس او نیوز): کرناٹک بھر میں ہفتہ، 15جون سے پٹرول کی قیمتوں میں تین روپیہ اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3.50 روپیوں کا اضافہ کرنے کے کانگریس حکومت کے فیصلے کا پُرزور دفاع کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اتوار کو کہا کہ قیمتوں میں اضافہ "ضروری عوامی خدمات اور ترقیاتی کاموں" کو فنڈ فراہم کرنے کے لئے کرنا ضروری ہوگیا تھا۔
سدارامیا نے اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پٹرول پر VAT بڑھا کر 29.84 فیصد اور ڈیزل پر 18.44 فیصد کر دیا ہے۔
"اس اضافے کے بعد بھی، ہماری ریاست کے ایندھن پر ٹیکس زیادہ تر جنوبی ہندوستانی ریاستوں اور مہاراشٹرا جیسی معیشت کے سائز کی ریاستوں سے کم ہیں۔"
مہاراشٹر میں، پٹرول پر VAT 25% کے علاوہ 5.12 روپے اضافی ٹیکس ہے، اور ڈیزل پر، یہ 21% ہے۔
سدرامیا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ "کرناٹک کی نظر ثانی شدہ شرحیں اب بھی دوسری ریاستوں کے مقابلے میں سستی ہیں۔"
سدارامیا نے یہ بھی بتایا کہ "VAT میں اضافے کے باوجود، کرناٹک میں ڈیزل کی قیمتیں گجرات اور مدھیہ پردیش سے کم ہیں۔ ہم اپنے شہریوں کے لیے ایندھن کو مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ پچھلی "ڈبل انجن بی جے پی حکومت نے کرناٹک کے وسائل کو دوسری ریاستوں کو فراہم کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ ریاستی بی جے پی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر VAT کو کم کیا مگر مرکزی حکومت نے اپنے ٹیکسوں میں اضافہ جاری رکھا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ڈبل انجن بی جے پی حکومت‘‘ کی ’’ہیرا پھیری‘‘ سے کرناٹک کی آمدنی میں کمی واقع ہوئی، جب کہ مرکزی حکومت نے کنڑیگاوں کے ساتھ دھوکے بازی کرتے ہوئے اپنا خزانہ بڑھاتے رہے۔
2014 میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے سے پہلے پٹرول پر سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی 9.48 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 3.56 روپے تھی۔
تاہم بی جے پی حکومت کے دور میں، پیٹرول اور ڈیزل پر سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی میں تیزی سے اضافہ کیا گیا جو مئی 2020 میں بالترتیب 32.98 روپے اور 31.83 روپے کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اس کے بعد نومبر 2021 اور مئی 2022 کے درمیان پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 13 روپے اور 16 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی۔
کمی کے باوجود پٹرول پر موجودہ مرکزی ایکسائز ڈیوٹی 19.9 روپے اور ڈیزل پر 15.8 روپے ہے۔
"ہم مرکزی حکومت سے لوگوں کے فائدے کے لیے ان ٹیکسوں کو کم کرنے کی اپیل کرتے ہیں،" انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کی VAT ایڈجسٹمنٹ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہم ضروری عوامی خدمات اور ترقیاتی پروجیکٹوں کو فنڈ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست متوازن اور ذمہ دارانہ طرز حکمرانی کے لیے پرعزم ہے۔